کھلا خط بنام: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز صاحبہ
موضوع: گلگشت میں غیر قانونی پلازے کی تعمیر اور مارکیٹنگ کے خلاف کارروائی کی درخواست
محترمہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف صاحبہ! ہم اہلیان ملتان یہ کھلا خط آپ کی توجہ ملتان شہر کے ایک انتہائی سنگین اور اہم مسئلے کی طرف مبذول کرانا چاہتے ہیں۔ شہر کے گنجان آباد علاقے گلگشت کالونی کی برانڈ روڈ پر ایک دس منزلہ پلازے کی غیر قانونی تعمیر اور مارکیٹنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ یہ سڑک پہلے ہی ٹریفک کے شدید مسائل کا شکار ہے اور اس پلازے کی تعمیر سے ٹریفک کا بہاؤ مکمل طور پر رک جائے گا۔یہ پلازہ مبینہ طور پر چوہدری ذوالفقار علی انجم نامی ایک صنعت کار کی ملکیت ہے۔ یہ پلازہ متعلقہ محکموں سے باقاعدہ منظوری حاصل کیے بغیر تعمیر کیا جا رہا ہے اور حیران کن طور پر اس کی مارکیٹنگ اور فروخت بھی جاری ہے۔ قانون کے مطابق تعمیر کے اس مرحلے پر پلازے کی فروخت مکمل طور پر غیر قانونی ہے۔اس سب سے زیادہ تشویشناک بات یہ ہے کہ یہ غیر قانونی تعمیرات اور مارکیٹنگ کسی بھی متعلقہ محکمے کی جانب سے بغیر کسی روک ٹوک کے جاری ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ سرکاری افسران اور اہلکار اس غیر قانونی عمل میں سہولت کار کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ معمولی واجبات اور فیسیں ادا کر کے قانون کی کھلی خلاف ورزی کی جا رہی ہے اور کوئی بھی ان کو روکنے والا نہیں ہے۔محترمہ وزیر اعلیٰ صاحبہ، چوہدری ذوالفقار علی انجم ایک بدنام زمانہ شخص ہیں جس پر ٹیکس چوری، منی لانڈرنگ، بجلی اور گیس کی چوری، جھوٹی ایف آئی آر درج کرانے اور میڈیا کو دباؤ میں رکھنے جیسے متعدد الزامات ہیں۔ وہ اپنے مبینہ غلط کاموں کو میڈیا میں کوریج سے روکنے کے لیے دباؤ کے ہتھکنڈے استعمال کرتا ہے۔ یہ نہایت افسوسناک امر ہے کہ اس کے سرکاری محکموں میں سہولت کار موجود ہیں اور وہ سرکاری محکموں کے سربراہوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات رکھتا ہے۔ ان محکموں کے سربراہان اس کے ذمہ اربوں روپے کے واجبات وصول کرنے کے بجائے اس سے مختلف سرگرمیوں یا چھوٹے عوامی فلاحی منصوبوں کے لئے اسپانسرشپ کی درخواست کرتے ہیں۔ہم آپ سے یہ پرزور درخواست کرتے ہیں کہ اس غیر قانونی اور ناجائز سرگرمی کا فوری نوٹس لیں اور قانون کے مطابق سخت کارروائی کریں۔ اس مسئلے پر فوری اور مؤثر اقدامات سے یہ ثابت ہو گا کہ آپ کی حکومت قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور کسی بھی بااثر شخص کو قانون کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ہم آپ کے فوری اقدام کے منتظر ہیں
منجانب اہلیانِ ملتان